ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ہندوستان دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت:راج ناتھ

ہندوستان دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت:راج ناتھ

Sat, 11 Jun 2016 11:57:32  SO Admin   S.O. News Service

لکھنؤ، 10؍جون(آئی این ایس انڈیا )مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ہندوستانی معیشت کو دنیا کی سب سے تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشت قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ گذشتہ مالی سال میں چین اور امریکہ سے زیادہ ہندوستان میں سرمایہ کاری ہوئی ہے اور وہ دن دور نہیں جب یہ ملک ایک اقتصادی سپر پاور بن جائے گا۔وزیر داخلہ نے یہاں چارباغ ریلوے اسٹیشن احاطے میں وائی فائی سہولیات اور مربوط سیکورٹی سسٹم کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ اٹل بہاری واجپئی حکومت سے پہلے ہمارے ملک کی معیشت کو لے کر منفی تاثربناتھا۔مشرق میں سست رفتاری سے چلنے والی معیشت واجپئی کی حکومت میں 8.4فیصد ترقی کی شرح کی شکل میں سامنے آئی۔انہوں نے دعوی کیا کہ درمیان کے 10سالوں میں مجموعی ملکی پیداوار میں کمی آئی لیکن گزشتہ دو سالوں میں ترقی کی شرح چھ فیصد سے بڑھ کر 7.6فیصد ہو گئی ہے۔یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ اگر امریکہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہے تو سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت ہندوستان ہی ہے۔سنگھ نے کہاکہ مالی سال 2015-16میں ہندوستان میں چین اور امریکہ سے زیادہ 51ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔وہ دن دورنہیں جب ہندوستان ایک اقتصادی سپرپاوربن جائے گا۔ریلوے کو ملک کا سب سے بہتر پرفارمنگ سیکٹرقرار دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وزارت کے کرشماتی کام کی بدولت ریلوے میں حال میں کئی ملین کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوئی ہے جتنی شاید پہلے کبھی نہیں ہوئی تھی ۔آنے والے وقت میں یہاں کے ریل مسافروں کو ترقی یافتہ ممالک سے بہتر ریل سہولیات ملنے لگیں گی۔انہوں نے کہا کہ وائی فائی کی سہولت سے مسافر اپنے چھوٹے موٹے متعد د کام بآسانی ٹرین یا ریلوے اسٹیشن پر بیٹھ کر کر سکیں گے۔


Share: